سموگ تدارک کیس ، عدالت کامحکمہ ٹرانسپورٹ کو موٹرسائیکل رکشہ کی رجسٹریشن کیلئے ایس او پیز بنانے کا حکم

بااختیارڈیلرکو ہرفروخت ہونے والے رکشہ کی رجسٹریشن یقینی بنانے کا حکم ،تین ماہ میں عملدرآمد نہ کرنے والے مینو فیکچرز کا لائسنس منسوخ کرنے کا عندیہ ایل ڈی اے کا ایک سیاحتی ونگ ہونا چاہیے ، ایل ڈی اے ایک علاقہ ڈھونڈے جہاں سیاحت کو فروغ دیا جائے‘ جسٹس شاہد کریم مال روڈ کو ایک یا دو دن کیلئے بند کیا جائے اور پابند کیا جائے کہ لوگ پیدل چلیں،پاکستان کا دنیا بھر میں اچھا تاثر جائے گا‘ سماعت2مئی تک ملتوی

جمعہ 25 اپریل 2025 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو موٹرسائیکل رکشہ کی رجسٹریشن کے لئے ایس او پیز بنانے اوربااختیارڈیلرکو ہرفروخت ہونے والے رکشہ کی رجسٹریشن یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے تین ماہ میں عملدرآمد نہ کرنے والے موٹرسائیکل رکشہ مینو فیکچرز کے لائسنس منسوخ کرکے سیل کرنے کا عندیہ دیدیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی سماعت کی ۔ فاضل جج نے دوران ریمارکس دئیے کہ ایل ڈی اے کا ایک سیاحتی ونگ ہونا چاہیے ، ایل ڈی اے ایک علاقہ ڈھونڈے جہاں سیاحت کو فروغ دیا جائے، مال روڈ کو ایک یا دو دن کیلئے بند کیا جائے اور پابند کیا جائے کہ لوگ پیدل چلیں،ایل ڈی اے کے اس اقدام سے پاکستان کا دنیا بھر میں ایک اچھا تاثر جائے گا، لاہور کنکریٹ کا جنگل بن گیا ہے، اس ماہ درجہ حرارت 40 سے زیادہ تک جانا ہے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ممبرماحولیاتی کمیشن سیدکمال حیدرنے بتایا کہ موٹرسائیکل رکشوں کی پاسنگ کسی سے نہیں کروائی جارہی، پاسنگ نہ کروانے سے رجسٹریشن نہیں ہوتی،عدالت نے رکشوں کی فٹنس بارے سرٹیفکیٹس پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے خط کو پیاربھرا قرار دیدیا۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے لاہورکنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے۔جسٹس شاہدکریم نے حخم دیا کہ رکشوں کے مجاز ڈیلرزخریدارکو پابند کریں گے کہ وہ 15سی20 دن میں فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرے، ایک ماہ تک کا وقت دیں اگر فٹنس کا سرٹیفکیٹ نہیں لیا جاتا توتمام رکشوں کی پروڈکشن بند کردیں۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ رکشہ مینوفیکچررزکو محکمہ ٹرانسپورٹ نے پیاربھراخط لکھا، آپ مینوفیکچررزکوخط میں عدالتی کارروائی کا حوالہ دیں،یہ محکمے کیا کر رہے ہیں۔دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل اسدعلی باجوہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز،ممبران ماحولیاتی کمیشن سیدکمال حیدر، ایل ڈی اے، پی ایچ اے، ٹریفک کے نمائندے پیش ہوئے۔ فاضل عدالت نے مزید سماعت2 مئی تک ملتوی کر دی۔