رجب بٹ کی ٹیٹو، فیملی ولاگنگ، سدھو موسے والا سے عقیدت پر وضاحت

جیسے جیسے شہرت اور دولت حاصل کی، ویسے ویسے لوگ میرے خلاف ہو گئے،فیملی ولاگنگ جاری رکھوں گا ،کسی کے کہنے پر بند نہیں کروں گا، انٹرویو

جمعہ 25 اپریل 2025 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) رجب بٹ نے ٹیٹو، فیملی ولاگنگ اور سدھو موسے والا سے عقیدت پر وضاحت دے دی۔ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں رجب بٹ نے کہا کہ میں نے ولاگنگ کا انداز بدل دیا ہے، میں اپنی فیملی کا تھوڑا سا حصہ ولاگ میں شامل کرتا ہوں، پورا ولاگ فیملی پر مبنی نہیں ہوتا، اگر کبھی میں نے فیصلہ کیا کہ اب فیملی کو نہیں دکھانا تو ایک کلپ بھی نہیں آئے گا، مگر کسی کے کہنے پر میں یہ بند نہیں کروں گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ میں فیملی ولاگنگ جاری رکھوں گا اور اس کا فیصلہ صرف میں خود کروں گا نہ کہ کوئی دوسرا۔اپنے بازو پر بنوائے گئے ٹیٹو پر کہا کہ ٹیٹو کو ہٹانا مشکل ہوتا ہے کیونکہ یہ جلد کے نیچے بنایا جاتا ہے، میرا مذہب اسے اجازت دیتا ہے، ہمارے علما کہتے ہیں کہ ٹیٹو کے ساتھ نماز ہو سکتی ہے، میں نے اس کی مذہبی وضاحت کی تصویر بھی اپنی سٹوری میں شیئر کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور میرا ضمیر مطمئن ہے۔رجب بٹ نے واضح کیا کہ میں سدھو موسے والا کو مذہبی بنیاد پر نہیں بلکہ فکری و فلسفیانہ بنیاد پر اپنا استاد مانتا ہوں، سدھو نے مجھے زندگی کے اصول سکھائے، ان کے گانوں نے میری حقیقت بیان کی ہے، میں خود مسلمان ہوں اور مجھے اپنی حدود کا علم ہے۔رجب بٹ نے کہا کہ جیسے جیسے میں نے شہرت اور دولت حاصل کی، ویسے ویسے لوگ میرے خلاف ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :