مویشیوں کی منہ کھر بیماری کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات، صوبائی وزیر فضل حکیم خان کی ہدایات پر عملدرآمد شروع

جمعہ 25 اپریل 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک وماہی پروری فضل حکیم خان نے منہ کھر (FMD) بیماری سے متعلق حال ہی میں سوشل میڈیا پر زیر گردش خبروں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ لائیو سٹاک کو ہنگامی اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ صوبائی وزیر کی ان ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضم شدہ اضلاع ڈاکٹر وحید اللہ وزیر نے ضلعی سطح پر عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

اس ضمن میں ضلعی ڈائریکٹر لائیوسٹاک جنوبی وزیرستان ڈاکٹر نور سلطان کی سربراہی میں بھی تحصیل سطح پر ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے متاثرہ علاقوں کا فوری دورہ کیا، متاثرہ جانوروں سے نمونے حاصل کیے اور انہیں لیبارٹری تجزیہ کے لیے ارسال کیا۔ ٹیموں نے موقع پر موجود کدانوں کو جانوروں کے علاج اور بیماری کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ منہ کھر بیماری سے بچاؤ کے لیے محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے فروری 2025 میں الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ حالیہ پیش رفت کے تناظر میں صوبائی وزیر فضل حکیم خان کی خصوصی ہدایات پر محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کو منہ کھر اور لمپی سکن (LSD) بیماری کے حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر بجٹ کی منظوری کی خاطر روبط کیے جا چکے ہیں۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ لائیوسٹاک کے پاس موبائل ویٹرنری کلینکس، دوائیاں، ویکسین اور دیگر ضروری اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں۔ اورعوام الناس اور میڈیابرادری سے گزارش ہے کہ غیر تصدیق شدہ معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ محکمہ لائیوسٹاک صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام ضروری اقدامات بروقت کیے جا رہے ہیں۔ کسی بھی قسم کی شکایت یا معلومات کے لیے دفتر ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضم شدہ اضلاع سے فون نمبر 0919210272 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔