قائدِ اعظم لائبریری میں ’’ورلڈ بک اینڈ کاپی رائٹ ڈے‘‘ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

جمعہ 25 اپریل 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) قائدِ اعظم لائبریری لاہور میں ’’ورلڈ بک اینڈ کاپی رائٹ ڈے‘‘ کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ سیکرٹری آرکائیوز اینڈ لائبریریز محمد خان رانجھا تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے ۔ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان ، کنسلٹنٹ چغتائی پبلک لائبریری ریحانہ کوثر، ڈائریکٹر پنجاب لائبریری فائونڈیشن رحمان آصف ، ڈپٹی چیف لائبریرین ،پنجاب یونیورسٹی لائبریری سید سلیم عباس زیدی ، معروف کالم نگار ادیب محقق و مصنف سید عارف نوناری بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

گورنمنٹ پنجاب پبلک لائبریری ، ماڈل ٹائون لائبریری اور دیگر اداروں سے لائبریری پروفیشنلز اور طلبا و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری نے کتاب اور کتب خانوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کتاب کی ازلی اہمیت، انسان کی فکری، روحانی اور سماجی ترقی میں اس کے کردارونئی نسلوں کی رہنمائی کے لیے کتاب کے ناقابلِ بدل مقام پر سیر حاصل گفتگو کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کتاب اور کتب خانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے پر زور دیا اور پروفیشنل لائبریریئنز کو شعبے میں ہونے والی جدت اور رجحانات سے باخبر رہنے کے تلقین کی۔ریحانہ کوثر نے آنے والی نسلوں کے اندر کتاب کی محبت ڈالنے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔سینئر لائبریرین زکیہ مراد نے کاپی رائٹ کے قوانین سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔مصنف وکالم نگار سید عارف نوناری نے بچوں میں کتاب کی محبت پیدا کرنے کے لیے والدین کو اپنا کردار ادا کرنے پر زوردیا۔اس موقع پر شرکاء نے بھی اس دن کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے آخر میں چیف لائبریرین عبدالرحیم نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔