راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کا عالمی یوم آزادی صحافت اور یوم مزدور کو بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان

جمعہ 25 اپریل 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کا ایک اہم اجلاس جمعہ کو یہاں صدر طارق علی ورک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں شرکاء نے یوم مئی کو بھرپور طریقے سے منانے کے حوالے سے بھرپور ایونٹ کے انعقاد پر تفصیلی غور کے بعد اہم فیصلے کیئے جبکہ تین مئی کو عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر تقریبات کے حوالے سے بھی ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا۔

آر آئی یو جے کی ایگزیکٹو کونسل نے اتفاق رائے سے یونٹ چیف اور ڈپٹی یونٹ چیف مقرر کرنے کی منظوری دیتے ہوئے تمام اداروں میں خواہشمند صحافیوں سے درخواستیں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ درخواستیں موصول ہونےکے بعد اداروں کے یونٹ قائم کر دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو کونسل نے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کی ممبر شپ لسٹ کی سکروٹنی کے لیے سیکرٹری آصف بشیر چودھری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی منظوری بھی دی کمیٹی دو ماہ میں اپنا کام مکمل کرے گی اور اپ ڈیٹڈ فہرست کو سامنے لایا جائے گا۔

اجلاس میں سینئر نائب صدر بشیر عثمانی، نائب صدر عمار برلاس، سینئر جوائنٹ سیکریٹری گلزار احمدخان، ایگزیکٹو ممبران توصیف احمد عباسی، علی اختر، افشان قریشی، غفران احمد چشتی نے شرکت کی۔