صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ کی زیر صدارت مالی سال 26-2025 کے حوالے سے روڈ سیکٹر میں نئے منصوبوں بارے اجلاس

ہفتہ 26 اپریل 2025 00:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم کھوسہ کی زیر صدارت مالی سال 26-2025 کے حوالے سے روڈ سیکٹر میں نئے منصوبوں پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر، چیف انجینئرز اور ضلعی انجینئرز کے علاوہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس کو ہر ضلع کے انجینئر نے اپنے اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ مالی سال کے لیے منصوبوں پر بریفنگ دی اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے تمام انجینئرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال میں ہر ضلع اپنے لیے آفس اور ریسٹ ہاؤس اور محکمہ کے لیے روڈ سائیڈ کے منصوبے رکھے اسکے علاوہ جتنے بھی جاری منصوبے ہیں جو اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں انھیں جلد از جلد مکمل کریں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ ذمہ دار افسران آئندہ مالی سال میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کے منصوبوں میں مزید جدت لائیں اور انھیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے ریونیو کے حوالے سے تمام انجینئرز کو ہدایات دیں کہ ایسے منصوبوں پر عمل درآمد کریں کہ جس سے محکمہ کو ریونیو ملے ۔ انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کریں تاکہ ان منصوبوں کو مکمل کرکے متعلقہ محکموں کے حوالے کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :