ڈویژنل پبلک سکول کو بہترین درسگاہ بنانے کے لیے تمام وسائل کو استعمال میں لایا جائے گا

ہفتہ 26 اپریل 2025 14:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ ڈویژنل پبلک سکول کو بہترین درسگاہ بنانے کے لیے تمام وسائل کو استعمال میں لایا جائے گا۔ڈویژنل پبلک سکول سرگودھا میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں کمشنر سرگودھا ڈویژن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر فاروق اور پرنسپل لیفٹننٹ کرنل( ر) اشفاق حسین کے علاؤہ والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺسے ہوا، جس کے بعد طلبا و طالبات نے رنگا رنگ ہم نصابی پروگرامز پیش کیے جن میں خاکے اور ٹیبلو شامل تھے۔ حاضرین نے بچوں کی پرفارمنس کو بے حد سراہا اور خوب داد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ ڈویژنل پبلک سکول کا تعلیمی معیار قابلِ تحسین ہے اور یہاں کے طلبا کی ذہانت، محنت اور نظم و ضبط دیکھ کر خوشی ہوئی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید کہا کہ آج کے بچے کل کے معمار ہیں، اور ان کی درست رہنمائی، معیاری تعلیم اور ہم نصابی سرگرمیاں انہیں ایک بااعتماد اور مثبت سوچ کا حامل شہری بناتی ہیں۔انہوں نے ادارے کی انتظامیہ، اساتذہ اور والدین کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی مسلسل محنت، تعاون اور رہنمائی سے طلبا نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ اُنہوں نے کہا اس عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا کہ ڈی پی ایس کو ڈویژن کی بہترین درسگاہ بنانے کے لیے تمام وسائل کو استعمال میں لایا جائے گا۔

اُنہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ سکول کی مزید بہتری کے لیے اپنی تجاویز سے آگاہ کریں۔ کمشنر نے بتایا کہ سکول اساتذہ کی کیپسٹی بلڈنگ کے لیے جامعہ سرگودہا اور قائد اکیڈمی کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ہیں ۔ اُنہوں نے کہا سکول کے بچوں کی آگاہی اور راہنمائی کے لیے مختلف پیشہ ور شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔ اسی طرح یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں بھی ایک تقریب کے انعقاد کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے۔

تقریب میں کمشنر اور اے ڈی سی جی نے مختلف کلاسوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء وطالبات میں اسناد اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔ پرنسپل ڈی پی ایس نے اپنے خطاب میں ادارے کی سال بھر کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ سکول کے طلبا نے نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ کھیلوں، تقریری مقابلوں اور دیگر سرگرمیوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے مہمانِ خصوصی اور والدینکا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ آئندہ بھی تعلیمی میدان میں اعلیٰ معیار قائم رکھے گا۔ تقریب میں والدین، اساتذہ، طلباء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں قومی ترانے کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔

متعلقہ عنوان :