مسجد میں گیس لیکج سے دھماکہ اور آتشزدگی، طالب علم جاں بحق ، 6 افراد زخمی

ہفتہ 26 اپریل 2025 14:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) فیصل آباد کے علاقہ سمن آباد کی مسجد میں گیس لیکج سے دھماکہ اور آتشزدگی کے نتیجہ میں ایک طالب علم جاں بحق اور قاری اور طالب علموں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو تھانہ سمن آباد کے علاقہ رسالہ روڈ،ستارہ کالونی پھاٹک کے قریب واقع مرکزی مسجد میں گیس لیکج کی وجہ سے دھماکہ اور آگ لگنے سے قاری و 5 بچے جھلس گئے، جھلسنے والے بچوں میں 17 سالہ ریحان ولد ارشد علی ساکن گلشن اقبال موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

(جاری ہے)

دیگر طلبہ اور قاری صاحب کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس رپورٹ اور ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں 17 سالہ فلک شیر ولد عتیق سکنہ گلشن اقبال (شدید زخمی) 42 سالہ قاری ظہیر ولد نذیر ساکن گلشن اقبال ، 12 سالہ احسان ولد سہیل ساکن ستارہ کالونی، 10 سالہ عبدالہادی ولد فیض رسول ساکن رسال پورہ، 12 سالہ حسنین ولد ذوالفقار ساکن رسال پورہ اور 32 سالہ رحمت اللّٰہ ولد عبد اللّٰہ شامل ہیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اور پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو برن سینٹر الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے کارروائی شروع کردی۔