خیبر، جمرود پولیس کی کارروائی، مطلوب منشیات فروش گرفتار، 10 کلوگرام منشیات برآمد

ہفتہ 26 اپریل 2025 16:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) خیبر کے تھانہ جمرود پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ و پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب منشیات فروش کو گرفتار کرکے ان سے 10 کلوگرام منشیات برآمد کرلیں۔ خیبر پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی قیادت میں ضلع بھر میں منشیات کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔

ایس ایچ او جمرود نسیم خان کی قیادت میں انچارج چوکی نواب شاہ شہید صدیق خان و دیگر نفری نے علاقہ وزیرڈھنڈ میں دوران گشت کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش اسد ولد سردار ساکن وزیر ڈھنڈ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے 4 کلوگرام ہیروئن، 3 کلوگرام آئس اور 3 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ ملزم کو مزید تحقیقات کےلیے حوالات منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزم پولیس کو منشیات کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا اور گرفتاری کے خوف سے طویل عرصے سے روپوش تھا۔ ملزم مختلف علاقوں میں منشیات کی سمگلنگ میں بھی سرگرم رہا ہے۔ ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال نے کامیاب کارروائی کو منشیات کے خلاف جاری مہم میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ موت کے اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ائی جی خیبرپختونخوا اور سی سی پی پشاور کے واضع کردہ احکامات کے مطابق ضلع بھر میں بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔