ملتان،غزہ اور فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سیمینار اور ریلی کا انعقاد

اتوار 27 اپریل 2025 16:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی (سی بی ایس)محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے زیر اہتمام فلسطین اور غزہ کے مظلوموں کےساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے خصوصی سیمینار اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔اتوار کو یہاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی سیمینار اور ریلی میں یونیورسٹی ہذا کی سینئر ایڈمنسٹریشن،مختلف شعبوں کےڈینز ل،ڈائریکٹرز،فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات نےکثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب میں مہمان خصوصی جنید نثار (سینئر وولنٹیر، شعبِ ابی طالب ملتان)نے فلسطینی عوام کے حقوق، بین الاقوامی سطح پر ان کی جدوجہد اور عالمی برادری کی ذمہ داریوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے طلبہ، فیکلٹی اراکین اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیمینار کے بعد کیمپس میں امن مارچ (ریلی) بھی نکالی گئی جس کا مقصد فلسطینی بھائیوں کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرنا ہے۔

امن مارچ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اختر حمید نے کہا سیمینار اور ریلی کا مقصد ظلم کے خلاف آواز اٹھانا، انسانی حقوق کے تحفظ اور امتِ مسلمہ کے درمیان بھائی چارے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے،تمام شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ اس عظیم مقصد میں شرکت کر کے اپنا کردار ادا کریں۔شرکاء نے یکجہتی کے ذریعے دنیا کو پیغام دیا ،غزہ کے مسلمانوں پر جاری نسل کشی اور بربریت کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے اور اقوام متحدہ کی جنگ بندی کے معاہدات پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔