Live Updates

مارکونی کی ایجادات نے دنیا کو آواز کی طاقت سے متعارف کرایا،پروفیسر عثمان بٹ

اتوار 27 اپریل 2025 18:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) ریڈیو پاکستان کے زیرِ اہتمام ایف ایم 101 سیالکوٹ کے پلیٹ فارم پر آج عالمی مارکونی دن بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف جامعات کے طلبہ،طالبات، براڈکاسٹرز، صحافیوں اور شائقینِ ریڈیو لسنرز نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ممتاز ماہرِ ابلاغیات ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان سے میڈیا سائنسز کے پروفیسر عثمان بٹ تھے، جنہوں نے "ریڈیو کا ارتقاء، کردار اور مستقبل" کے موضوع پر مدلل اور متاثرکن خطاب کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں پروفیسر عثمان بٹ نے کہاکہ آج کا دن نہ صرف مارکونی جیسے عظیم موجد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے بلکہ یہ موقع ہے اس ذریعے کو سراہنے کا جو آج بھی لاکھوں دلوں کو جوڑ رہا ہے یعنی ریڈیو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مارکونی کی ایجادات نے دنیا کو آواز کی طاقت سے متعارف کرایا اور ریڈیو نے نہ صرف خبروں، تفریح اور تعلیم کا ذریعہ فراہم کیا بلکہ آفات، جنگوں اور ہنگامی صورتحال میں انسانوں کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھا۔پروفیسر بٹ نے ایف ایم 101 کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف ایم 101 نوجوانوں کی آواز ہے، جو جدت اور روایت کو یکجا کرتا ہے۔ یہ چینل پاکستان کے ثقافتی ورثے، موسیقی اور سماجی شعور کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات