کہوٹہ ، غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی، انجمن تاجران کے زیر اہتمام شٹر ڈان ہڑتال اور احتجاجی ریلی

عنایت اللہ ستی، محمد ناصر راجہ، حافظ ظفیر عابد اور ملک عبدالروف سمیت معززین کی شرکت

اتوار 27 اپریل 2025 18:25

کہوٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف انجمن تاجران کہوٹہ کے زیر اہتمام مکمل شٹر ڈان ہڑتال اور احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں تاجر برادری، سیاسی و سماجی شخصیات، علما کرام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے معروف سیاسی و سماجی رہنما عنایت اللہ ستی نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم انسانیت سوز ہیں اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔

انہوں نے شرکا کو غزہ کے مظلوم عوام کے لیے آواز بلند کرنے اور عملی یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی۔ ریلی میں امیر کہوٹین یوتھ تحریک محمد ناصر راجہ بھی شریک ہوئے، جنہوں نے فلسطین کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے مظالم کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

معروف عالم دین حافظ ظفیر عابد نے احتجاجی ریلی میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے نہتے مسلمان دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہر حال میں کھڑے ہیں۔

ریلی کے دوران ایک خوبصورت منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایک شخص اپنے کمسن بیٹے کو کندھے پر اٹھا کر غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی میں شریک ہوا، جسے دیکھ کر فضا جذباتی ہو گئی۔ بزرگ سیاسی و سماجی شخصیت ملک عبدالروف نے بھی ریلی میں شرکت کی اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ احتجاجی ریلی شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی مرکزی چوک پر پہنچی، جہاں پر اجتماعی دعا بھی کی گئی۔

شرکا نے فلسطینی پرچم اور یکجہتی کے بینرز اٹھا رکھے تھے اور "فلسطین زندہ باد"، "اسرائیلی ظلم مردہ باد" جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ انجمن تاجران کہوٹہ کی کال پر کہوٹہ شہر میں تمام کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے، جس سے تاجروں کی غزہ کے مظلومین سے بھرپور یکجہتی کا پیغام گیا۔