ذ*ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر سے چیئرمین جے ڈی سی ظفر عباس کی ملاقات

ة ہلال احمرہسپتال میں شہریوں کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری کے قیام کے حوالے سے تبادلہ خیال

اتوار 27 اپریل 2025 20:15

> فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2025ء)ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر سے چیئرمین جے ڈی سی ظفر عباس نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ہلال احمرہسپتال میں شہریوں کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری کے قیام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔فیصل آبا دکی تاریخ میں یہ پہلا منصوبہ ہے جس میں شہریوں کو ایک ہی چھت کے نیچے وسیع پیمانے پر تشخیصی خدمات میسر ہوں گی۔

ون ونڈو آپریشن کے تحت سٹی سکین، ڈائیلاسز سینٹر،ایکسرے اور کینسر سمیت600 مختلف بیماریوں کے ٹیسٹ بالکل مفت کئے جائیں گے۔چیئرمین جے ڈی سی ظفر عباس نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ان کی تنظیم اس منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے مخیر حضرات کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سینٹر کی بدولت شہریوں کوعالمی معیار کی تشخیصی سہولیات میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت شہریوں کی خدمت کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے یہ منصوبہ شہریوں کی صحت و تندرستی کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگااور عام آدمی کے لئے علاج معالجے میں آسانی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف طبی تشخیص کے عمل کو سہل بنائے گا بلکہ مالی طور پر کمزور افراد کے لئے بھی ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔انہوں نے منصوبہ کے جلد از جلد تکمیل کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔میٹنگ میں سینٹر کے لئے مناسب جگہ کے انتخاب، طبی آلات کی فراہمی اور دیگر ضروری امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس منصوبے کو جلد شروع کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :