گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پی ڈی ایف کے چیئرمین بلال سیٹھی کی ملاقات

پیر 21 جولائی 2025 12:18

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پی ڈی ایف کے چیئرمین بلال سیٹھی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن (پی ڈی ایف) کے چیئرمین بلال سیٹھی کی سربراہی میں صوبے کی معروف سماجی شخصیات پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔گورنر ہاوس پشاور حکام کی جانب سے جاری شدہ تفصیلات کے مطابق وفد میں فوزیہ عنایت، نزہت روؤف، نبیلہ فرمان اور ڈاکٹر فریال زمان شامل تھیں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران صوبے کی سماجی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور خیبر پختونخوا کا مثبت اور سافٹ امیج اجاگر کرنے سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔ گورنر نے وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ترقی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے سماجی تنظیموں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا ایک مثبت اور تعمیری چہرہ دنیا کے سامنے لانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ صوبے میں سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔گورنر نے پاکستان ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سماجی شعبے میں ان کا کام قابل تحسین ہے اور حکومت ایسے اقدامات کی مکمل حوصلہ افزائی کرتی ہے جو عوامی فلاح اور صوبے کی ترقی کے لیے مددگار ثابت ہوں۔