فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن نے غزہ میں ہزاروں متاثرہ خاندانوں کو وسیع پیمانے پر ضروری امداد فراہم کی ہے،فضیل رضا عطاری

اتوار 27 اپریل 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن (ایف جی آر ایف)، جو کہ دعوت اسلامی کا خیراتی ادارہ ہے ، نے غزہ کے بحران کے حوالے سے اپنے جاری انسانی ہمدردی کے ردعمل میں ایک قابل ذکر سنگ میل کو عبور کیاہے۔ایف جی آر ایف کے یوکے چیپٹر کے سربراہ سید فضیل رضا عطاری نے اے پی پی کو بتایا کہ فاؤنڈیشن نے ہزاروں متاثرہ خاندانوں کو وسیع پیمانے پر ضروری امداد فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تباہی کے دوران فوری ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے امدادی کوششوں میں 5.1 ملین لیٹر صاف پانی، 350,000 پکا ہوا گرم کھانا، 70,000 فوڈ پیک، 100,000 کلو گرام آٹا، 300 خاندانوں کے لیے خیمہ گھر، 500 بچوں کے لیے تازہ دودھ، 500 خاندانوں کے لیے تازہ دودھ اور 500 بچوں کے لیے کھانا، روٹیاں، 25000 بچوں کے لیے کیک، 1500 کمبل اور 1000 گدے، 5000 حفظان صحت کی کٹس، 5000 خاندانوں کے لیے سبزیوں کی ٹوکریاں، 5000 خاندانوں کے لیے نقد امداد، 1000 حجاب، دوائیاں اور 10200 خاندانوں کے لیے ضروری گرم کپڑے اور سردیوں کے کپڑےشامل ہیں۔

(جاری ہے)

سید فضیل رضا عطاری نے کہا کہ زندگی بچانے کے وسائل فراہم کرنے کے علاوہ ایف جی آر ایف نے تباہی زدہ علاقے میں معمول کے احساس کو بحال کرنے میں مدد کے لیے 100,000 مربع میٹر سے زیادہ ملبے کو صاف کرنے میں فعال طور پر حصہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف جی آر ایف نے غزہ کے لیے اہم سامان سے بھرے کل آٹھ کنٹینرز کامیابی کے ساتھ روانہ کیے ہیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ امداد انتہائی ضرورت مندوں تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم اپنے امدادی نیٹ ورک کو زمینی سطح پر وسعت دے رہی ہے جس سے ہزاروں خاندانوں کو امید اور راحت ملے گی جو انتہائی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :