Live Updates

پاکستان اور ایران کا صحت کے شعبے میں قریبی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ ،سرحدی علاقوں میں متعدی بیماریوں پر قابو پانے کیلئے مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اتوار 27 اپریل 2025 21:20

پاکستان اور ایران  کا صحت کے شعبے میں قریبی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) پاکستان اور ایرانی وزراء صحت نے صحت کے شعبے میں قریبی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سرحدی علاقوں میں متعدی بیماریوں پر قابو پانے کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال اور ایرانی وزیر صحت نے چین میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی وزرائے صحت کانفرنس میں خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔

کانفرنس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستان کی نمائندگی کی۔اتوار کو یہاں جاری بیان کے مطابق کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے ایرانی وزیر صحت سے خصوصی ملاقات کی جس میں صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں برادر اور ہمسایہ ممالک ہیں اور ان کے درمیان گہرے اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔

ملاقات میں خصوصی طور پر ہیلتھ ٹورازم اور ٹیلی میڈیسن کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت تیزی سے کام جاری ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔دونوں وزرائے صحت نے سرحدی علاقوں میں متعدی بیماریوں پر قابو پانے کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بیماریوں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اس تناظر میں بین الاقوامی ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے صحت کے شعبے میں قریبی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے عوام کو جدید اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں صحت کے شعبے میں ایران کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات