ج*پرنٹ میڈیا کی بقا ریاستی استحکام کے لیے ضروری ہے، زمرک خان اچکزئی

۷سید انور شاہ کی عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سے ملاقات، بلوچستان میں صحافت کو درپیش مسائل پر گفتگو وزیر اعلی سے جلد ملاقات کرکے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کا اعلان

اتوار 27 اپریل 2025 21:40

:کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2025ء)سینئر صحافی و تجزیہ نگار سید انور شاہ نے عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر زمرک خان اچکزئی سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں پرنٹ میڈیا کو درپیش سنگین مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید انور شاہ نے بلوچستان کے پرنٹ میڈیا اداروں کو درپیش مالی، انتظامی اور اشتہارات سے متعلق چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

زمرک خان اچکزئی نے پرنٹ میڈیا کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ایک فعال، آزاد اور بامقصد صحافت ریاستی استحکام اور جمہوری نظام کے لیے ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں، اور ان کے بارے میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے وہ ہر سطح پر کردار ادا کریں گے۔

زمرک خان نے مزید کہا کہ وہ اس ضمن میں وزیر اعلی سے جلد ملاقات کرکے ان مسائل کو اجاگر کریں گے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات پر زور دیں گے۔اے این پی کے رہنما نے واضح کیا کہ ان کی جماعت آزادی صحافت کو ایک بنیادی جمہوری اصول مانتی ہے اور صحافتی اداروں کی مضبوطی کو ریاستی استحکام کا ضامن سمجھتی ہے۔