اسرائیلی انتباہ کے بعد بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں سے بڑے پیمانے پر لوگوں کا انخلا

پیر 28 اپریل 2025 13:29

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)لبنان میں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی دیکھنے میں آ رہی ہے جس کی وجہ سے دارالحکومت کو ملانے والی اہم سڑکوں پر خاص طور پر اختتام ہفتہ کے دوران بھاری ٹریفک چلتی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر فضائی حملہ کیا۔

ایک اسرائیلی ذریعے نے بتایا کہ نشانہ بننے والی عمارت میں حزب اللہ کے لیے اہم ہتھیار موجود تھے۔ نومبر کے اواخر میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے بعد جنوبی مضافاتی علاقے پر یہ تیسرا حملہ تھا۔ اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی مضافات کے رہائشیوں کو ایک انتباہ جاری کیا جس میں اس عمارت کو نشانہ بنایا جائے گا اور اس کے رہائشیوں کو انخلا کے لیے کہا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج کے ترجمان ادرائی نے کہا کہ حدث کالونی کے پڑوس میں عمارت حزب اللہ کی سہولت تھی۔ قریبی عمارتوں کے رہائشیوں کو کم از کم 300 میٹر پیچھے ہٹنے کی تاکید کی۔لبنانی میڈیا نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر اسرائیلی فوج کی شدید پروازوں کی اطلاع دی۔ اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر تین حملے کیے۔ علاقے میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ اس کے رہائشیوں کو فوری طور پر انخلا کی ضرورت سے آگاہ کیا گیا۔ بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر نقل مکانی دیکھنے میں آئی۔