پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی شہر بھر میں پارکوں اور گرین بیلٹس کو سجانے اور خوبصورت بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے ، احمد حسن رانجھا

پیر 28 اپریل 2025 17:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی شہر بھر میں پارکوں اور گرین بیلٹس کو سجانے اور خوبصورت بنانے کے لیے اپنی تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایت پر مری روڈ سمیت شہر کے تمام سیکٹرز میں موسمی پھولوں کی شجرکاری اور سجاوٹ کا کام بھرپور انداز میں جاری ہے۔

مری روڈ کے سیکٹر موتی محل پر خوبصورت پلانٹرز کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے،ان پلانٹرز میں رنگ برنگے موسمی پھول لگائے گئے ہیں جو سڑک کے کنارے خوبصورتی بکھیر رہے ہیں۔ ان پلانٹرز کی سجاوٹ سے گزرنے والے افراد کو خوشی اور تازگی کا احساس ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

صدر سے فیض آباد تک مری روڈ پر رنگین پھولوں کی ایک حسین بہار دیکھنے کو مل رہی ہے جو شہر کی مرکزی شاہراہ کی خوبصورتی میں چار چاند لگا رہی ہے۔

موتی محل پر لگائے گئے پلانٹرز، دل موہ لینے والے حسین پھول اور ہریالی عوام کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔ پی ایچ اے کا عملہ انتھک محنت سے باغبانی کا کام انجام دے رہا ہے اور پھولوں اور پودوں کی نگہداشت کو یقینی بنا رہا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت اور تفریح کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ راولپنڈی کو سرسبز، خوبصورت اور عوام کے لیے بہترین تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :