مغرب نے صنفی مساوات کے نام پر عورت کا استحصال کیا، ڈاکٹر فواد

مضبوط اور باشعور خواتین مستحکم اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھتی ہیں،ریحانہ افروز

پیر 28 اپریل 2025 17:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)گلشن اقبال ٹاؤن لائبریری کے زیر اہتمام "باشعور عورت، روشن مستقبل" کے موضوع پر ڈسکشن فورم کا انعقاد کیا گیا، چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ فورم میں ورکنگ ویمن آرگنائزیشن کی نائب صدر ریحانہ افروز، سٹی کونسلر ثنا علیم، ناظمہ ضلع شرقی عطیہ ارشد سمیت گلشن اقبال ٹاؤن کی خاتون افسران اور ملازمین نے بھی شرکت کی۔

فورم میں خواتین اسپیکرز نے معاشرتی ترقی اور نئی نسل کی ذہنی تربیت میں خواتین کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ وائس پریزیڈنٹ ورکنگ ویمن آرگنائزیشن ریحانہ افروز نے اپنے خطاب میں کہا کہ مضبوط اور باشعور خواتین مستحکم اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کو اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کی مکمل آگاہی حاصل کرنی چاہیے تاکہ وہ مثر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ اللہ تعالی نے مرد و عورت کے حقوق اور فرائض کو واضح طور پر متعین فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ صدی میں مغرب نے صنفی مساوات کے نام پر عورت کا استحصال کیا، جبکہ اسلام نے خواتین کو وہ حقوق دیے ہیں جو کسی اور نظام میں میسر نہیں۔ انہوں نے حضرت خدیجہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نبی کریمؓ کی زندگی کے ہر مرحلے میں بھرپور ساتھ دیا اور خواتین کے لیے ایک روشن مثال قائم کی ۔فورم کے اختتام پر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی کامیابی اور نصرت کے لیے خصوصی دعا کی گئیں ۔