ریاست سے بے لوث محبت، پاکستانیت کے فروغ اور بلوچستان کے حقیقی تصور کو سمجھنا قومی یکجہتی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

پیر 4 اگست 2025 18:08

ریاست سے بے لوث محبت، پاکستانیت کے فروغ اور بلوچستان کے حقیقی تصور ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست سے بے لوث محبت، پاکستانیت کے فروغ اور بلوچستان کے حقیقی تصور کو سمجھنا قومی یکجہتی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے یہ بات پیر کے روز 16 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ وزیر اعلیٰ نے شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ یہاں سے حاصل کردہ علم اور تجربے کو معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے بروئے کار لائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ محض ایک اختتام نہیں بلکہ قومی شعور، ادارہ جاتی افہام و تفہیم اور فکری تحقیق کے نئے سفر کا آغاز ہے ، میری دعا ہے کہ آپ نے ان دو ہفتوں میں جو کچھ سیکھا جو کچھ آپ کو پاکستان اور بلوچستان کے بارے میں بتایا گیا اور جس ریسرچ سے آپ گزرے ان تمام تجربات کو آپ اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنائیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ہاں اکثر تاثر اور حقیقت کے درمیان ایک خلیج ہوتی ہے جسے درست کرتے ہوئے پُر کرنا باشعور نوجوانوں کی اہم ذمہ داری ہے ، آپ کو اپنے مشاہدے، تحقیق اور تجزیے کے ذریعے یہ فرق سمجھنا ہوگا اور دوسروں تک بھی حقیقی معلومات پہنچانی ہوں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری خاص طور پر بلوچستان کا نوجوان جب فکری سطح پر پختہ ہو اور وطن عزیز کی خدمت کی جذباتی وابستگی کے ساتھ ریاست کی خدمت کرے تو یہی حقیقی پاکستانیت کی روح ہے ، میری آپ سب سے گزارش ہے کہ ریاستی اداروں کے ساتھ ہم آہنگی، آئین و قانون کی پاسداری اور باہمی احترام کو فروغ دیں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں وطن کی خدمت کے لیے وقف کریں ۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور نیشنل ورکشاپ کے منتظمین کو کامیاب انعقاد پر سراہا ۔ اس تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی بھی موجود تھیں۔