چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد کو "بنت حوا ایوارڈ " سے نوازا گیا

پیر 4 اگست 2025 20:24

چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد کو "بنت حوا ایوارڈ " سے نوازا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن پاکستان کی چیئرپرسن گلمینہ بلال احمد کو "بنت حوا ایوارڈ " سے نوازا گیا۔بنت حوا فورم کے زیر اہتمام تقسیم ایوارڈ کی تقریب گورنر ہائوس خیبرپختونخوا میں منعقد ہوئی ، اس پروقار قریب کے مہمان خصوصی گورنر فیصل کریم کنڈی تھے۔یہ ایوارڈ بنت حوا فورم کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا کی ان خواتین کو دیا جاتا ہے جنھوں نے صحت،سماجی فلاح و بہبود، صحافت،تعلیم،کاروبار،فنون لطیفہ،ادب، کھیل ، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہوں۔

اس سے قبل یہ ایوارڈ پاکستان وویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر، پاکستان وومن فٹ بال ٹیم کی کپتان ماریہ جمیلہ خان کو دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سال 2024-25 کا بنت حوا ایوارڈ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نیوٹیک کی پہلی خاتون چیئرپرسن گلمینہ بلال کو ترقیاتی شعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر دیا۔ گلمینہ بلال احمد 2024ء تک انڈویجول لینڈ پاکستان کی بانی ایگزیکٹو ڈائریکٹر رہیں،2022ء سے 2024ء تک سٹرانگ سٹیز نیٹ ورک سائوتھ ایشیا کی سربراہ بھی رہیں،یہ تنظیم دنیا کے 200 سے زائد شہروں میں سرگرم ہے۔

ان پلیٹ فارمز سے گلمینہ بلال احمد نے نوجوانوں کی ہنر مندی، سماجی ہم آہنگی، میڈیا کی صلاحیتوں، صنفی شمولیت ذہنی صحت اور موثر حکمرانی جیسے اہم موضوعات پر اپنی زندگی وقف کی ہے۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک بھر کی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔انہوں اپنی ساری زندگی نوجوانوں خاص طور پر خواتین کی تعمیر و ترقی میں صرف کر دی۔ اپنے اس عظیم مشن کے دوران انہوں ہزاروں خواتین کی تعلیم و تربیت میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں، آج مجھے فخر ہے کہ میں نے خیبرپختونخوا کی ایک مایہ ناز شخصیت گلمینہ بلال احمد کو ایواڑ پیش کیا ہے۔