جدید دور میں بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹیکنکل تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،،چیئرمین آزاد جموں و کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشنً

پیر 28 اپریل 2025 23:18

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) چیئرمین آزاد جموں و کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (AJK TEVTA) خواجہ محمد نعیم بسمل نے کہا ہے کہ آج کے جدید دور میں بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹیکنکل تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،والدین کو چائیے کہ وہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ٹیکنکل تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ بچوں کو ملک کے ابدر اور بیرون ممالک میں اچھی جابز مل سکیں اور وہ اپنے گھروں کے ساتھ ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں حکومت آزاد کشمیر نے ہر ضلع میں جدید ٹیکنکل تعلیم سے آراستہ کے لیے ٹیکنکل ادارے کھولے ہیں جس میں بچوں کو ہر قسم کی ٹریننگ دی جاتی ہے،باغ میں ایم ٹی بی سی جیسا ادارہ نہ صرف باغ بلکہ پورے آزاد کشمیر کے لیے ایک بڑا اثاثہ ہے اس کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،اس ادارے کے چیئرمین محمود الحق نے ہمارے بچوں کو اپنے گھر میں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کر کے احسان اعظیم کیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ باغ کے دوران صحافیوں،ضلعی آفیسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے نے ضلع باغ کا دورہ کے دوران انہوں نے وطن عزیز کے عظیم سپوت، شہید میجر سعد بن زبیر کے والدین سے ملاقات کی اور ان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

شہید میجر سعد بن زبیر، محترمہ زاہدہ خانم (انچارج GVTC ریڑہ) کے فرزند تھے، جن کی عظیم قربانی پر پورا علاقہ فخر محسوس کرتا ہے۔دورے کے دوران، چیئرمین نے گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ (GVTI) باغ، GVTC باغ، اور GVTC دھیرکوٹ (بوائز و گرلز کیمپس) کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری AJK TEVTA ڈاکٹرمسعود احمد بخاری اور ادارے کے دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

GVTI باغ کے آئی ایم سی (IMC) کے چیئرمین و ممبر میونسپل کونسل صیاد بیگ نے بھی میٹنگ میں شرکت کی اور ادارے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ادارے کے پرنسپل و ضلعی کنٹرولنگ آفیسر محمد نسیم خان نے ادارے کو درپیش مسائل، درکار سہولتوں اور ممکنہ حل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین AJK TEVTA نے ان مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعدد اہم امور کے فوری حل کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو بروقت اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔

مزید برآں، زیرِ التواء آسامیاں پُر کرنے کے لیے جاری ٹیسٹ و انٹرویو کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا،چیئرمین نے واضح ہدایات جاری کیں کہ بھرتی کا عمل مکمل شفافیت، اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے تاکہ مستحق امیدواروں کو بھرپور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔بعد ازاں، چیئرمین AJK TEVTA نے ایم ٹی بی سی (MTBC) کا دورہ کیا، جہاں ہونے والی میٹنگ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ AJK TEVTA اور MTBC باہمی اشتراک سے ضلع باغ میں فنی و پیشہ ورانہ تربیت (TVET) کے شعبے میں نوجوانوں کو ہنر مند اور خود کفیل بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔

اس ضمن میں MTBC کے بانی و چیئرمین جناب محمود الحق نے GVTI باغ کا دورہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی تاکہ ایک باقاعدہ لائحہ عمل تشکیل دیا جا سکے۔دورے کے اختتام پر، چیئرمین AJK TEVTA نے GVTI باغ میں جدید کمپیوٹر لیب کے قیام کی ضرورت پر زور دیا، جس پر جناب محمود الحق نے موقع پر ہی لیب کی فراہمی کی منظوری دے دی۔ یہ اقدام فنی تعلیم کے فروغ اور جدید مہارتوں کی تربیت کی فراہمی کی جانب ایک عملی قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین AJK TEVTA کی اس لگن اور دل چسپی کے ساتھ ادارہ جات کے مسائل کا فوری حل کرنے پر تمام سٹاف نے اپنی اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا اور چیئرمین کے لیے نیک تمناؤں اور دعا کا اظہار کیا، تاکہ ان کی رہنمائی میں ادارہ مزید کامیاب ہو اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے نئی راہیں ہموار ہوں۔\378