جوہری پروگرام ختم کرنے کے مطالبات مسترد،کسی بھی جارحیت کا فوری جواب دیا جائے گا،ایران

منگل 29 اپریل 2025 10:00

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) ایران نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی طرف سے تہران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ختم کرنے کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام کو نشانہ بنانے والے کسی بھی حملے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے،کسی بھی جارحیت کا فوری جواب دیا جائے گا۔العربیہ کے مطابق یہ بات ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے ’’ ایکس‘‘ پر جاری بیان میں کہی۔

نیتن یاہو کے ریمارکس پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا وہم ہے کہ وہ ایران کو کوئی حکم دے سکتا ہے ، نیتن یاہو کا بیان حقیقت سے اس قدر دور ہے کہ جواب دیے جانے کے بھی قابل نہیں ۔ عباس عراقچی نے زور دیا کہ ایران اپنی صلاحیتوں میں کافی مضبوط اور پراعتماد ہے کہ وہ اپنی خارجہ پالیسی کو سبوتاژ کرنے یا اس کے راستے کو سے ہٹانے کی بیرونی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہت سے ایرانی اب جوہری معاہدے کو کافی نہیں سمجھتے، وہ ٹھوس فوائد کی تلاش میں ہیں، نیتن یاہو کے اتحادی جو بھی کہیں یا کریں وہ اس حقیقت کو تبدیل نہیں کریں گے۔ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ کوئی فوجی آپشن موجود نہیں اور یقینی طور پر کوئی فوجی حل نہیں ہے، کسی بھی جارحیت کا فوری جواب دیا جائے گا۔