اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو وہ آگ سے کھیلے گا‘ عبدالباسط

بھارت کے پاس پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو وہ ہمارے ساتھ شیئر کرے،، سابق پاکستانی ہائی کمشنر

منگل 29 اپریل 2025 14:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبد الباسط کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو وہ آگ سے کھیلے گا۔بھارتی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عبدالباسط نے کہا کہ اگر بھارت کے پاس پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو وہ ہمارے ساتھ شیئر کرے، اگر شیئر نہیں کرنا چاہتا تو دونوں ممالک بین الاقوامی تحقیقات کرواسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ اگر بھارت اُس کیلیے بھی تیار نہیں ہے تو پھر یہ اُس کی اپنی مرضی ہے لیکن اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو وہ آگ سے کھیلے گا۔سابق ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس پاکستان میں مختلف دہشتگرد سرگرمیوں میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، پاکستان کو بھی بھارت سے متعلق کئی خدشات ہیں۔عبدالباسط نے مزید کہا کہ اگر بھارت نے مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور جواب دینے کیلیے تیار ہے، تاہم امید ہے عقل و دانش کا مظاہرہ کیا جائے گا۔