صوبائی وزیرقانون کی زیرصدارت محکمہ داخلہ پنجاب میں انسداد دہشتگردی و ہارڈنڈ دی اسٹیٹ کمیٹی کا اجلاس

منگل 29 اپریل 2025 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت محکمہ داخلہ پنجاب میں انسداد دہشتگردی و ہارڈنڈ دی اسٹیٹ کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے اجلاس کو امن و امان کی صورتحال اور حکومتی اقدامات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرپسند عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے ایک سال میں شرپسند عناصر کے خلاف 454مقدمات کا اندراج کیا، 488ملزمان کو چالان کیا جبکہ 226کو سزائیں دلوائی جا چکی ہیں۔ اس دوران پنجاب میں 15,776کومبنگ آپریشنز کیے گئے جبکہ دہشت گردوں کی مالی معاونت پر 3مقدمات میں ملزمان کو سزائیں دلوائی گئیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو چینی باشندوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیف سٹی کے تحت 15اضلاع میں کیمروں کی تنصیب مکمل کی جاچکی ہے جبکہ فیز ٹو کے تحت دسمبر تک پنجاب بھر میں کیمروں کی تنصیب مکمل کر لی جائے گی۔ حکام نے گداگر مافیا کے خلاف کاروائیوں کا ریکارڈ بھی پیش کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے بتایا کہ پیشہ ور بھکاریوں کے سرغنہ کو سخت سزا دینے کیلئے قانون میں ترمیم کی جاچکی ہے اور پنجاب کی جیلوں میں گداگر مافیا کے کیلئے بیرکس مختص کیے ہیں۔

صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ قیام امن کیلئے بین الصوبائی چیک پوسٹوں کی تعمیر پر کام جاری ہے اور 31فی صد تعمیراتی کام کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید اسلحہ و ٹیکنالوجی سے لیس کر رہے ہیں اور جلد ڈرون سرویلنس کا بھی آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب صوبہ میں قیام امن کیلئے دن رات کام کر رہی ہیں۔

ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ پٹرول کی غیر قانونی فروخت روکنے کیلئے جامع پالیسی بنائی جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، سیف سٹی، ایس پی یو، ایکسائز، کسٹمز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔