ڈپٹی کمشنر عمران علی کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس

میڈیکل سٹوروں اور کلینکس کے کیسوں کی سماعت‘6کیس ڈرگ کورٹ بھیجنے کے احکامات،1کو وارننگ اور 8کو دوبارہ وزٹ کرنے کا فیصلہ

منگل 29 اپریل 2025 18:50

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر قصور /چیئر مین ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ عمران علی کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈاکٹر مریم شریف سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ،ڈاکٹر حسیب نیازی ممبر ڈسٹرکٹ کنٹرولر بورڈ / میڈیکل سپیشلسٹ،ڈرگ انسپکٹر لئیق الرحمن چونیا ں، ڈاکٹر فیصل اقبال ڈی ایچ او قصور ڈرگ کنٹرولر فیصل احمد، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر پتوکی بلال یاسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن لاہور ڈویژن/ ڈی آئی او قصور تابندہ سلیم نے شرکت کی۔

اس موقع پر 15میڈیکل سٹوروں اور کلینکس کے کیسوں کی سماعت ہوئی۔ تمام کیسوں کا تفصیلی جائزہ لیکر 6 میڈیکل سٹورز /کلینکس کے کیسز مزید کاروائی کیلئے ڈرگ کورٹ بھیجنے،1 کو وارننگ،8 کیسز کو دوبارہ وزٹ کرنے‘ 1 کیس واپس کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عمران علی کا کہنا تھا کہ جعلی، غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات کا کاروبار کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔

انہوں نے ہدایت جاری کی کہ ضلع میں جعلی وغیر معیاری اور ممنوعی ادویات کی فروخت کے گھناو?نے دھندے کی مکمل روک تھام کیلئے ڈرگ انسپکٹرز مزید متحرک ہو کر کام کریں اور اپنی روزانہ کی کارکردگی رپورٹ دیں۔ علاج کے نام پر انسانی صحت سے کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زائد المیعاد، جعلی وغیر معیاری اور ممنوعہ اور وارنٹی کے بغیر ادویات کی خرید و فروخت جرم ہے۔

انہوں نے ڈرگ انسپیکٹرز کو حکم دیا کہ ادویات کی حفاظت کیلئے ضروری انتظامات نہ کرنے اور خریدو فروخت کا ریکارڈ نہ رکھنے سمیت دیگر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب میڈیکل سٹورز /کلینکس کیخلاف سخت کاروائی کی جائے تا کہ عوام کو ان بدعنوان اور غیر قانونی طور پر میڈیکل سٹور چلانے والوں اور بلا لائسنس پریکٹس کرنیوالوں سے بچایا جا سکے۔