Live Updates

کشمیری رہنمائوں کا بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو اجتماعی سزا دینے پر اظہار تشویش

منگل 29 اپریل 2025 23:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت کشمیری رہنمائوں نے کہاہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی فورسز کشمیری عوام کو اجتماعی سزا دے رہی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کسی بھی ایسی غلط کارروائی سے گریز کیا جائے جو کشمیریوں کو الگ تھلگ کر دے۔

انہوں نے کہا کہ مجرموں کو سزا دیں، ان پر رحم نہ کریں لیکن بے گناہ لوگوں کو نقصان نہ پہنچائیں۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھی وادی کشمیرمیں اندھا دھند گرفتاریوں اور گھروں کو مسمار کرنے پر شدیدتشویش کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں کہاکہ بھارت کو احتیاط کے ساتھ چلنا چاہیے اور عسکریت پسندوں اور عام شہریوں میں تمیز کرنی چاہیے، معصوم لوگوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار اور عام شہریوں کے متعدد مکانات کو مسمار کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ محبوبہ مفتی نے حکام پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بے گناہوں کو سزانہ دی جائے۔بھارتی پارلیمنٹ کے رکن روح اللہ مہدی نے مکانات کو زمین بوس کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر اور کشمیریوں کو اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات