یوکرین تنازع جاری رہا تو ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو سکتا ہے، امریکا

بدھ 30 اپریل 2025 08:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرین جنگ کئی سالوں تک جاری رہی تو یہ تنازع ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

تاس کے مطابق امریکی بلاگر چارلی کرک کو دیئے گئے انٹرویو میں وینس کا کہنا تھا کہ بڑے میڈیا ادارے اس خیال کو فروغ دے رہے ہیں کہ اگر یہ جنگ کئی سالوں تک جاری رہی، تو روس ٹوٹ جائے گا، یوکرین اپنی زمینیں واپس حاصل کر لے گا، اور سب کچھ ویسا ہی ہو جائے گا جیسا جنگ سے پہلے تھا۔

انھوں نے مزید کہا کہ تاہم یہ ہماری موجودہ حقیقت نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس جنگ کے جاری رہنے سے سماجی نظاموں کے انہدام اور ایٹمی جنگ جیسے تباہ کن نتائج نکل سکتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکی حکومت کی پالیسی اس تنازع کا خاتمہ ہے، اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام دستیاب ذرائع استعمال کرتے ہوئے جنگ ختم کرنے کی کوشش کریں۔