ہماری نگرانی کے بغیر ایران کے ساتھ کوئی بھی معاہدہ محض کاغذ پر سیاہی ہوگا، رافیل گروسی

بدھ 30 اپریل 2025 09:00

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے زور دے کر کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کوئی بھی ایٹمی معاہدہ ایجنسی کی نگرانی کے بغیر محض کاغذ پر سیاہی ہو گا۔العربیہ کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ جین نول بیروٹ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمیں اگلے چند ہفتوں میں نتائج حاصل کرنے چاہئیں اور یہ ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مشرق وسطیٰ اور دنیا میں کسی بھی فوجی کشیدگی کو روکنا چاہیے۔ اس وقت سفارت کاری دستیاب اور ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا جیسا کہ آپ جانتے ہیں ہم نازک دور سے گزر رہے ہیں۔ ایران اور امریکا کے درمیان اہم بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بیک وقت ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکا کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کے ساتھ رابطے میں ہوں تاکہ ایجنسی اپنا تکنیکی طریقہ کار اور مطلوبہ سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے معاون اقدامات پیش کر سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وضاحت کی اور کہا ہم اب بھی ایران میں موجود ہیں اور ایرانی تنصیبات اب بھی ایجنسی کی طرف سے معائنہ اور نگرانی کے تابع ہیں لیکن ہم نے شفافیت کی سطح کھو دی ہے جو ہم پہلے رکھتے تھے۔ رافیل گروسی نے کہا کہ اپنی بات چیت میں انہوں نے سابق شفافیت کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات پیش کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا لیکن مسائل آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔

ایران اور امریکا کے درمیان جاری دو طرفہ عمل اور ایران اور ایجنسی کے درمیان تعاون کا مسئلہ ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا دونوں عمل یا تو ایک دوسرے کی حمایت کر سکتے ہیں یا ایک دوسرے کو کمزور کر سکتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ دونوں پٹریوں پر ایک ساتھ پیش رفت ہوگی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ ضروری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ نگرانی کے کیمروں، انسپکٹرز اور دیگر معاملات جیسے مسائل ہیں جن پر توجہ دی جانی چاہیے۔ مجھے امید ہے کہ وہ صحیح راستے کا انتخاب کریں گے۔