شاہ رخ خان کی فلم ’’کنگ‘‘میں دیپیکا پڈوکون کی واپسی

دیپیکا کا کردار فلم میں مکمل نہیں بلکہ مختصر ہوگا، وہ صرف 10 سے 12 دن کی شوٹنگ کریں گی

بدھ 30 اپریل 2025 11:36

شاہ رخ خان کی فلم ’’کنگ‘‘میں دیپیکا پڈوکون کی واپسی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)شاہ رخ خان کی فلم ’’کنگ‘‘میں دیپیکا پڈوکون کی واپسی ہو رہی ہے۔ ایکشن، رومانس اور سسپنس سے بھرپور فلم کی تیاریاں عروج پر ہیں۔بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان ایک بار پھر سنیما میں دھوم مچانے کو تیار ہیں اور اس بار شاہ رخ کی ہی مشہورِ زمانہ فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘سے اپنے کیریئر کی شروعات کرنے والی دیپیکا پڈوکون ان کے ساتھ ہوں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افواہیں سچ ثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہیں کہ دیپیکا فلم’’کنگ‘‘میں شاہ رخ کے ساتھ ایک بار پھر جلوہ گر ہوں گی۔بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شاہ رخ خان ابتدا سے ہی دپیکا پڈوکون کو فلم کا حصہ بنانا چاہتے تھے، لیکن ان کے شیڈول، بچی کی پیدائش اور فٹنس پر کام کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے تھے، تاہم فلم کی شوٹنگ میں تاخیر کے باعث اب تاریخیں مل گئیں اور دیپیکا باقاعدہ طور پر فلم کا حصہ بن چکی ہیں۔

(جاری ہے)

دیپیکا کا کردار فلم میں مکمل نہیں بلکہ مختصر ہوگا، وہ صرف 10 سے 12 دن کی شوٹنگ کریں گی، لیکن کہا جا رہا ہے کہ ان کا کیمیو کردار فلم کی کہانی میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ذرائع کے مطابق فلم ’’کنگ‘‘کے ہدایتکار سدھارتھ آنند ہیں، جو اس سے پہلے’’پٹھان‘‘اور’’وار‘‘جیسی ہِٹ فلمیں دے چکے ہیں، فلم کی کاسٹ میں ابھشیک بچن، سہانا خان، ابھے ورما، ارشد وارثی اور جیدیپ اہلاوت شامل ہیں۔

افواہیں یہ بھی ہیں کہ فلم میں ایک اور زبردست کردار کیلیے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کو بھی سائن کیا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی اعلان نہیں ہوا۔ فلم کی 2026 کی آخری سہ ماہی میں ریلیز ہونے کی امید ہے اور یہ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی بڑے پردے پر ڈیبیو فلم بھی ہو گی۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون حال ہی میں فلم پٹھان اور فلم جوان(کیمیو کردار)میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، دونوں اوم شانتی اوم کے علاوہ ہیپی نیو ایئر اور چنئی ایکسپریس جیسی بڑی فلموں میں بھی ساتھ کام کرچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :