فوڈ اتھارٹی کی پشاور میں کارروائی، 6500 لیٹرزائدالمعیاد وغیرمعیاری مشروبات تلف

بدھ 30 اپریل 2025 17:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاوراور ہری پور میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6500 لیٹرزسے زائد غیر معیاری اور زائدالمعیاد مشروبات ضبط کر کے موقع پرتلف کر دیے۔ ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق پشاورکی ٹیم نے چارسدہ روڈ پرواقع کاربونیٹیڈ ڈرنکس کے ایک پروڈکشن یونٹ پرکارروائی کرتے ہوئے 2500 لیٹرسے زائد غیر معیاری کولڈ ڈرنکس برآمد کیں جنہیں موقع پر تلف کر دیا گیا۔

یونٹ کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اورزائدالمیعاد اجزاکے استعمال پرسیل کر دیا گیا جبکہ فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، اسی طرح ہری پور ٹیم نے خفیہ اطلاع پر چھپرروڈ پرواقع ایک گودام پر چھاپہ مارا جہاں سے 4000 لیٹرزسے زائدزائدالمعیاد کولڈ ڈرنکس برآمد کی گئیں، تمام مشروبات کو موقع پرتلف کر دیا گیا جبکہ مالکان پر بھاری جرمانےعائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرجنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی واصف سعید نے کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرمعیاری اورمضرصحت مشروبات تیارو فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ شہری ایسے عناصر کی فوری اطلاع متعلقہ فوڈ سیفٹی دفاتریا فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن پردیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :