Live Updates

مولاناافتخارعباسی کی نظربندی فوری ختم کی جائے، قاری خلیل نورانی

لله

بدھ 30 اپریل 2025 18:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے صدر قاری خلیل احمد نورانی نے کہاہے کہ قید و بند کی صعوبتیں ہمیں ڈرا اور دھمکا نہیں سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو راہ دین، حق اور عدل کے لیے اختیار کی ہے، اس میں مشکلات آنا کوئی نئی بات نہیں، مگر یہ تکلیفیں ہمارے عزم و حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

قاری خلیل نورانی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ اہلِ حق نے ہمیشہ جبر کے سامنے سر نہیں جھکایا، بلکہ صبر، استقامت اور قربانی سے اپنے مشن کو جاری رکھا۔ جے یو پی کے کارکنان اور وابستگان کو بھی اسی عزم کے ساتھ اپنے نظریاتی سفر کو جاری رکھنے کا پیغام دیا۔ قاری خلیل نورانی نے واضح کیا کہ ہم نظامِ مصطفی ﷺ کے نفاذ اور ملک میں عدل و انصاف کے قیام کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور کوئی طاقت ہمیں اس راستے سے ہٹا نہیں سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبائی صدر مولانا افتخار احمد عباسی کی بلاجواز نظر بندی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا افتخار احمد عباسی جمعیت کے لیے محض ایک عہدیدار نہیں، بلکہ اس کی فکری، نظریاتی اور تحریکی شناخت ہیں، ان کی شخصیت جمہوریت، دینی غیرت اور عوامی خدمت کی آئینہ دار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولاناافتخار عباسی ایک نڈر، باکردار اور اصول پرست رہنما ہیں جنہوں نے ہمیشہ آئینی، پرامن اور جمہوری جدوجہد کو ترجیح دی۔

ان کی نظر بندی نہ صرف انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے، بلکہ دینی و سیاسی قیادت کو دبانے کی ایک افسوسناک کوشش بھی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے، سیاسی انتقام کی پالیسی ترک کرے اور دینی قیادت کو نشانہ بنانے کے عمل سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا افتخارعباسی کی جدوجہد اتحادِ امت، نظامِ مصطفی ﷺ کے قیام اور پاکستان کے اسلامی تشخص کی بقا کے لیے ہے۔ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ہیں، جنہیں جمعیت علمائے پاکستان مسترد کرتی ہے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے کارکنان اپنے قائد کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی قسم کی جبر و زیادتی کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات