Live Updates

رانا احسان افضل خان سے کینیڈین ہائی کمیشن کے قونصلر کی ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 30 اپریل 2025 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے کینیڈین ہائی کمیشن کے قونصلر ڈینیئل آرسینالٹ سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تجارت کے فروغ ، جنرل پریفرینشل ٹیرف پلس (جی پی ٹی پلس) کو مزید موثر بنانے، باہمی سرمایہ کاری کے معاہدے (بی آئی ٹی) میں پیشرفت اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات اور کینیڈا کی کینولا درآمدات کو بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں رانا احسان نے ’’اڑان پاکستان‘‘ وژن پر روشنی ڈالی جس کا مقصد جی پی ٹی پلس سکیم کے تحت برآمدات میں اضافہ ہے۔ یہ سکیم جنوری 2025ء میں اپ ڈیٹ کی گئی جو اب 80 فیصد ٹیرف لائنز کا احاطہ کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں بی آئی ٹی پر بھی بات چیت کی گئی تاکہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

اس سے نہ صرف کینیڈین کمپنیاں جیسے کہ اسکوٹیابینک اور میگنا انٹرنیشنل پاکستان میں ملازمتیں پیدا کر سکیں گی، بلکہ پاکستانی کمپنیاں جیسے شان فوڈز بھی کینیڈا کی مارکیٹ میں مزید فروغ پا سکیں گی۔رانا احسان نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی تعاون مزید گہرا ہونے جا رہا ہے۔ ملاقات میں پاکستان کو تجارتی مرکز کے طور پر اجاگر بھی کیا گیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات