بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سیکنڈری ایجوکیشن کے عہدے پر اسسٹنٹ ایگزیکٹو آفیسر کی بطور چیئرمین تعیناتی کو مسترد کرتے ہیں ، محمد رسال وفا کاکڑ

بدھ 30 اپریل 2025 23:34

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء) مختلف ملازم تنظیموں پر مشتمل گرینڈ الائنس پشین کے رہنماؤں نے بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ میں سول سیکرٹریٹ کے اسسٹنٹ ایکزیگٹو آفیسر کی بطور بورڈ چیئرمین تعیناتی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

یہاں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گرینڈ الائنس کے رہنماؤں ضلعی آرگنائزر محمد رسول وفا کاکڑ، جنرل سیکرٹری محمد عارف ترین، ظفراللہ کاکڑ، سعید احمد، ڈاکٹر عرفان ترین اور گرینڈ الائنس کے دیگر رہنماؤں نے کہا کہ ہم بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ میں غیر قانونی چئیرمین کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اور یہاں جن ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں وہ بھی ان امتحانات سے کنارہ کشی اختیار کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بلوچستان بورڈ میں بطور چئیرمین محکمہ تعلیم کے کسی سینئر گریڈ 19 یا پھر گریڈ 20 کے آفیسر کو تعینات کیا جائے۔ اور لاکھوں طلبا کے مستقبل کو بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس بی کے اساتذہ کو 2019 کی پالیسی کے مطابق مستقل آرڈرز دئیے جائے۔

پریس کانفرنس کے دوران گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے ایف اے اور ایف ایس سی کے امتحانات سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نان کیڈر چیئرمین بورڈ کی تعیناتی سراسر غیر قانونی ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین کی تعیناتی محکمہ تعلیم کے اصولوں کے برخلاف کی گئی ہے اور وہ تعلیمی معاملات سے مکمل طور پر ناواقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف تعلیمی ایمرجنسی کے دعوے کر رہی ہے، مگر دوسری جانب کوئی عملی لائحہ عمل سامنے نہیں لایا جا رہا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، بائیکاٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔