پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ سے زیر تربیت انسپکٹرز نے بلوچستان کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر بدر لائن کوئٹہ کا مطالعاتی دورہ کیا

بدھ 30 اپریل 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ سے زیر تربیت انسپکٹرز نے بلوچستان کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر بدر لائن کوئٹہ کا مطالعاتی دورہ کیا جس میں ڈپٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری لیفٹننٹ کمانڈر (ر) عطاء اللہ شاہ (پی ایس پی) اور ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر نے شرکت کی۔ اس دوران ڈپٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری نے بریف کیا کہ صوبہ کے دیہی اور شہری علاقوں میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لیے بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکاران کو تعینات کیا جاتا ہے،فورس کے ڈسپلن اور مورال کو بلند رکھنے کے لیے وقتا فوقتا کورسز کروائے جاتے ہیں۔

ماضی میں بلوچستان کانسٹیبلری کوئٹہ شہر میں کرفیو ڈیوٹی ، دھرنا ڈیوٹیوں کے علاوہ ہنگامہ آرائی کے دوران بھی بہترین فرائض سر انجام دیتی رہی ہے، موجودہ حالات میں بلوچستان کانسٹیبلری کا SPU دستہ بلوچستان کے مختلف مقامات میں غیر ملکیوں کے ہمراہ سیکورٹی اور UN کے ساتھ بھی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری لیفٹننٹ کمانڈر (ر) عطاء اللہ شاہ ( پی ایس پی)نے کہا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے RRG اور ایلیٹ کوالیفائیڈ کے دستے کسی بھی وقت ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

پولیو ڈیوٹی، ہائی کورٹ ، ریڈ زون اور اہم سرکاری عمارات ، ایر پورٹس، اس کے علاوہ وفاقی و صوبائی اداروں کی سیکورٹی ڈیوٹیاں بلوچستان کا نسٹیبلری سر انجام دیتی ہے جس کی وجہ سے صوبہ بھر میں امن و امان قائم رہتا ہے۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ پولیس کو جب بھی جہاں بھی ضرورت ہو تو بلوچستان کانسٹیبلری ان کے ہمراہ لا اینڈ آرڈر کی ڈیوٹی سر انجام دیتی ہے۔ آخر میں شیلڈ ز کا تبادلہ ہوا۔