خالد حسین مگسی کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس،وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 1 مئی 2025 15:11

خالد حسین مگسی کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس،وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، خالد حسین مگسی کی زیر صدارت وزارت سے منسلک مختلف اداروں کے سربراہان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری ساجد بلوچ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد وزارت کے تحت جاری 31 ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور مستقبل کے اقدامات کے لیے لائحہ عمل پر غور کرنا تھا۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر زور دیا کہ حکومت اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا وژن ہے کہ قومی ترقی اور سرمایہ کاری کے ثمرات ہر پاکستانی تک یکساں طور پر پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبے ایسے ہونے چاہئیں جو براہِ راست عام شہری کی زندگی کو بہتر بنائیں، خصوصاً پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے میں مدد دیں۔

(جاری ہے)

خالد حسین مگسی نے شمولیتی سائنسی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں سائنسی تعلیم، تحقیق اور اختراعات کے فروغ کے لیے کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے اداروں پر زور دیا کہ صرف انفراسٹرکچر پر نہیں، بلکہ انسانی وسائل کی ترقی، شعور بیداری اور معیاری تعلیم تک رسائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر نے ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ وزارت اور اس سے منسلک ادارے تحقیق، سرمایہ کاری اور سائنسی ترقی کے فروغ کے لیے شفافیت اور مؤثریت کو اپنا نصب العین بنائیں۔