محنت کشوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سوشل سیکورٹی اور لیبرویلفیئر کے اداروں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق انتہائی متحرک اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا، قیصرشمس گچھآ

جمعرات 1 مئی 2025 16:22

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)محنت کشوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سوشل سیکورٹی اور لیبر ویلفیئر کے اداروں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق انتہائی متحرک اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ بات فیصل آباد دچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے یوم مئی کے حوالے سے قائمہ کمیٹی برائے آرٹ اینڈ کلچر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ حقوق و فرائض آپ میں جڑے ہوتے ہیں۔ اس لئے جہاں مالکان کا فرض ہے کہ وہ اپنی لیبر کا خیال رکھیں وہاں محنت کشوں کیلئے بھی ضروری ہے کہ محنت اور ذمہ داری اورایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتوں میں نئی مشینری آرہی ہے جس کو چلانے کیلئے مطلوبہ ہنر کے لئے لیبر دستیاب نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو جدید مشینری کو چلانے کیلئے مزدوروں کیلئے آن جاب تربیت کا بندوبست کرنا ہو گا۔

فیصل آباد چیمبر کے سابق سینئر نائب صدراور قائمہ کمیٹی کے کو۔ کنوینر فاروق یوسف نے کہا کہ فیصل آباد کی ترقی محنت کشوں کی وجہ سے ہے اور ہمیں ان کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس حوالے سے اسلامی تعلیمات کا ذکر کیا اور کہا کہ مالکان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اس لئے انہیں محنت کشوں کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کرنا ہوں گی۔

انہوں نے مزدوروں کو ہنر مند بنانے پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس سے جہاں پیداوار میں اضافہ ہوگا وہاں مصنوعات کے معیار میں بھی بہتری آئے گی اور اس کے نتیجہ میں ہم یقینی طور پر برآمدات میں بھی اضافہ کرسکیں گے۔ انہوں نے سماجی شعبہ میں شاندار خدمات سرانجام دینے پر ڈاکٹر جعفر مبارک کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کو ہر سطح پر سراہا جانا چاہیے۔

اس سے قبل قائمہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر جعفر مبارک نے اسلامی تعلیمات اور آئی ایل او کے قوانین پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ لیبر سے متعلقہ تمام وفاقی اور صوبائی محکموں کو محنت کشوں کو جدید ہنر سکھلانے کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے پرانی ملوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کی لیبر کو بے شمار سہولتیں اور مراعات دی جاتی تھیں جبکہ بہت سے ادارے اب بھی ان روایات پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے بھی ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ دیہاتی خواتین صبح سے رات تک محنت کرتی ہیں مگر ان کو لیبر میں شمار نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اس یوم مئی پر ہم ان ’’بے نام‘‘ مزدوروں کو خصوصی سلام پیش کرتے ہیں۔ تقریب سے محترمہ درشہوار،نادیہ شمیم، طارق قریشی اور ایم فیصل نے بھی خطاب کیا جبکہ آخر میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :