ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان، شاہ زیب شیخ کی زیر صدارت اتائی ڈاکٹروں کے خلاف موثر کارروائی کے حوالے سے اجلاس

جمعرات 1 مئی 2025 17:06

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان، شاہ زیب شیخ کی زیر صدارت اتائی ڈاکٹروں کے خلاف موثر کارروائی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے افسران، محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس کا مقصد ضلع میں بڑھتی ہوئی اتائی ڈاکٹروں کی سرگرمیوں کی روک تھام اور عوام کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اتائی ڈاکٹر نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں بلکہ معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ایسے افراد کے خلاف فوری اور مثر کارروائی کی جائے جو بغیر لائسنس یا مطلوبہ تعلیمی قابلیت کے کلینک چلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر صادق خواجہ نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں ڈرگ انسپیکٹر کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ ان میڈیکل اسٹورز کے خلاف سخت کارروائی کریں جو اسقاط حمل (ابورشن) کے حوالے سے ممنوعہ ادویات فروخت کرتے ہیں یا دائیوں کو ایسی دوائیں فراہم کرتے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں ایک خصوصی مہم شروع کی جائے گی، جس کے تحت اتائی ڈاکٹروں کی نشاندہی، ان کے کلینکس کی بندش اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک کلینک یا غیر مستند ڈاکٹر کی اطلاع فوری طور پر ضلعی انتظامیہ یا محکمہ صحت کو دیں تاکہ بروقت ایکشن لیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے آخر میں واضح کیا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر تمام افسران نے ضلع کو اتائی کلچر سے پاک کرنے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی.

متعلقہ عنوان :