یومِ مزدور پر سانگھڑ میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کی ریلی، مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز بلند

جمعرات 1 مئی 2025 18:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) یومِ مزدور کے موقع پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن سانگھڑ کے زیرِ اہتمام ایک پُرامن ریلی نکالی گئی جس میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ ریلی انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے دفتر سے شروع ہوکر شہر کی اہم شاہراہوں سے گزرتی ہوئی پریس کلب سانگھڑ پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی کارکنوں، خواتین رہنماؤں، مزدور تنظیموں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "مزدور زندہ باد"، "انصاف دو، حق دو" اور "کم اجرت نہیں چلے گی" جیسے نعرے درج تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن سندھ کے صدر جام غلام قادر نے کہا کہ ملک کے مزدور دن رات محنت کرتے ہیں مگر ان کی اجرت ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مزدوروں کے تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی کرے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ ریلی کے اختتام پر متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی، جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مزدوروں کی کم از کم اجرت 50 ہزار روپے مقرر کی جائے، لیبر قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے اور خواتین مزدوروں کے لیے محفوظ اور مساوی ماحول یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :