Live Updates

یکم مئی مزدوروں کی خوشحالی کا نیا آغاز ہے،فیصل ایوب کھوکھر

جمعرات 1 مئی 2025 18:07

یکم مئی   مزدوروں کی خوشحالی کا نیا آغاز ہے،فیصل ایوب کھوکھر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) صوبائی وزیر برائے کھیل و محنت ملک فیصل ایوب کھوکھر نے الحمرا میں لیبر ونگ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم مئی2025 صرف ایک عام لیبر ڈے نہیں بلکہ مزدوروں کی خوشحالی کا نیا آغاز ہے، پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں ہر سال یہ دن منایا گیا، مگر مزدوروں کی حالت میں کوئی حقیقی بہتری نہیں آئی۔

فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہر دن کو لیبر ڈے سمجھتی ہے اور اس کا ثبوت وہ 84 ارب روپے ہیں جو مریم نواز نے مزدوروں کی فلاح کے لیے مختص کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مزدوروں کے لیے نئے اسپتال اور لیبر کالونیاں بنائی جا رہی ہیں جبکہ ساڑھے بارہ لاکھ خاندانوں کو راشن کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں ایک سال کے دوران 12 لاکھ خاندانوں میں راشن کارڈ تقسیم کیے گئے،جو صرف نواز شریف کی بیٹی ہی کر سکتی تھیں۔

(جاری ہے)

فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہی لیبر کالونیوں کی بنیاد رکھی اور اب ملتان و قصور میں چار ہزار لیبر کالونیاں تعمیر کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے مزدوروں کے لیے نیا قانون متعارف کرایا ہے، جس کے تحت اگر کسی مزدور کو کم از کم 37 ہزار تنخواہ نہ دی گئی تو متعلقہ شخص کو چھ ماہ قید کی سزا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے واضح ہدایت دی ہے کہ مزدوروں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

بین الاقوامی امور پر بات کرتے ہوئے فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ بھارت اگر جنگ کی ابتدا کرے گا تو اس کا انجام دنیا کے نقشے سے مٹنے کی صورت میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل فوج صرف 15 لاکھ نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام ہیں اور پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یکم مئی ایک نئی روایت کا آغاز ہے، آئندہ برسوں میں بھی اس دن کو محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی صورت میں منایا جائے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات