ماحول دوست ای وی ٹیکسی سے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی ، صوبائی وزیر شرجیل میمن

جمعرات 1 مئی 2025 18:07

ماحول دوست ای وی ٹیکسی سے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی ، ..
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) سندھ کے صوبائی وزیر برائے اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ای وی ٹیکسی سروس فعال ہے اور سندھ حکومت صوبے میں نجی شعبے کے تعاون سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ماحول دوست ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنا چاہتی ہے۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ماحول دوست ای وی ٹیکسی سے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے بااختیار عورت کے تصور کو مضبوط تر بنانے کیلئے عورتوں کے لئے مخصوص ای وی پنک ٹیکسی سروس فراہمی کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کی ڈرائیور اور مسافر دونوں صرف خواتین ہوں گی اور ہمارا یہ منفرد تصور ہے۔صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ای وی ٹیکسی سروس ڈرائیورز کو روزگار کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی کیونکہ ایک ٹیکسی کو کم از کم دو ڈرائیور چلائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے محفوظ ای وی ٹیکسی سروس کیلئے ٹیکسی چلانے والے ڈرائیورکی مناسب تربیت ، ان کے کیریکٹر سرٹیفکیٹ اور پولیس ویری فیکیشن کو بھی یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔اجلاس میں وزیرِ اعلی سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر نے ای وی ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو محکم سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی جانب سے فراہم کی جانے والی مراعات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ای وی ٹیکسی منصوبے میں سندھ حکومت کے ساتھ ساتھ ، بینک اور نجی سرمایہ کار بھی سرمایہ کاری میں شرکت کرسکتے ہیں اور اس ضمن میں خواہشمند پارٹیاں اپنی تجاویز جلد از جلد جمع کرادیں ۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن نے بھی شرکا ءکو ای وی ٹیکسی سروس کے حوالے سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ابتدائی طور پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 100 ای وی ٹیکسیاں سڑک پر لائی جائیں۔اجلاس میں سندھ بینک کے اسد علی شاہ، سندھ انٹر پرائز ڈیویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر خضر پرویز ، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے افسران اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔