Live Updates

عالمی یومِ مزدور پر پی ٹی آئی سندھ کا مزدوروں کو خراجِ تحسین

عمران خان غریبوں اور محنت کشوں کے لیے عملی جدوجہد کر رہے ہیں: حلیم عادل شیخ

جمعرات 1 مئی 2025 18:02

عالمی یومِ مزدور پر پی ٹی آئی سندھ کا مزدوروں کو خراجِ تحسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے عالمی یومِ مزدور (یکم مئی) کے موقع پر محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی لیبر ڈے ان تمام مزدوروں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنی محنت اور جدوجہد کے ذریعے اپنے حقوق کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر کے محنت کشوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے خون پسینے سے ترقی کی راہیں ہموار کیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک نظریاتی جماعت ہے جو مزدوروں، کسانوں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی وہ واحد قومی لیڈر ہیں جو حقیقی معنوں میں غریبوں، مزدوروں اور محکوم طبقے کی آواز بنے ہوئے ہیں اور ان کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یکم مئی 1882 کو شکاگو کے محنت کشوں نے ظلم و استحصال کے خلاف علمِ بغاوت بلند کیا، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں مزدوروں کو ان کے بنیادی حقوق حاصل ہوئے۔

آج کے دن کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم اپنے مزدوروں کو ان کے معاشی، سماجی اور قانونی حقوق سے آگاہ کریں اور ان کے لیے بہتر حالاتِ کار کو یقینی بنائیں۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہنگائی نے مزدور طبقے کا جینا دوبھر کر دیا ہے، مزدور کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنے ادوارِ حکومت میں کروڑوں مزدوروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا اور انہیں بے یار و مددگار چھوڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ فارمز 47 کے ذریعے قائم ہونے والی حکومتوں کو عوام پر حکمرانی کا کوئی اخلاقی یا آئینی حق حاصل نہیں۔ پی ٹی آئی جب دوبارہ اقتدار میں آئے گی تو مزدوروں، کسانوں اور محنت کش طبقے کو ان کا جائز مقام اور حقوق دلوائے گی۔حلیم عادل شیخ نے یاد دلایا کہ عمران خان کی قیادت میں کورونا وبا کے دوران بھی مزدور طبقے کو نظر انداز نہیں کیا گیا بلکہ ان کی مدد کے لیے دو سو ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی مزدور کی خوشحالی سے مشروط ہے اور پی ٹی آئی کی جدوجہد کا محور یہی اصول ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات