نشہ آور ادویات کا نوجوانوں میں بڑھتا ہوا رجحان خطرناک اور تشویشناک ہے،گورنر خیبرپختونخوا

پشاور میں خواتین کیلئے اسکوٹی سروس شروع ہو اور اس کیلئے بہت جلد اقدام اٹھایا جائے گا،فیصل کریم کنڈی

جمعرات 1 مئی 2025 22:32

نشہ آور ادویات کا نوجوانوں میں بڑھتا ہوا رجحان خطرناک اور تشویشناک ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نوجوانوں پر مشتمل گرو اپ آرگنائزیشن کے نمائندہ وفد نے عثمان اشرف کی قیادت میں جمعرات کے روز گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں قمر نسیم، محمد عرفان، بشری نیلم، مسکان، محمد ایان اور درشہوار و دیگر شامل تھیں،وفد نے ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا کو نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں، کتب بینی، ادب، اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ،یوتھ سمٹ کے انعقاد، کالجزویونیورسٹیوں میں انسداد منشیات آگاہی مہم، خواتین کیلئے پنجاب کی طرز پر بائیک(اسکوٹی) کا حصول،سمیت دیگر شعبہ نوجوانان کی ترقی کیلئے تجاویز پیش کیں۔

وفد نے گورنر کو آگاہ کیا کہ انکی تنظیم کے نوجوان اراکین مختلف اصلاع میں اپنی استعداد کے مطابق سماجی فلاحی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور انہیں محکمہ تعلیم، صحت اور شعبہ نوجوانان میں کام کے لیے حکومتی سرپرستی کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے نوجوانوں بالخصوص خواتین کے لیے اپنی پالیسی اور ویژن سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انکی توجہ کا محور یوتھ انگیجمنٹ ہے اور صوبے کے ہونہار نوجوانوں، خاص طور پر کھیلوں کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو اسپانسرشپ سمیت مختلف انداز میں سرپرستی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ''آئس سمیت دیگر نشہ آور ادویات کا نوجوانوں میں بڑھتا ہوا رجحان انتہائی خطرناک اور تشویشناک ہے، جس کے فوری تدارک کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔گورنر نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ تعلیم یافتہ خواتین کو روزگار کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث صوبے کی اکثر خواتین گھروں میں بیٹھ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پالیسی ہے کہ ایسی خواتین کو گھروں میں بیٹھے روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ان کی تعلیمی قابلیت ضائع نہ ہو۔ گورنر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پشاور میں خواتین کیلئے اسکوٹی سروس شروع ہو اور اس کیلئے بہت جلد اقدام اٹھایا جائے گا۔