oعالمی یومِ مزدور پر مسلم لیگ (ن) کا تاریخی ورکرز کنونشن

q مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کا اعلان ئ*وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ اور صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر کی خصوصی شرکت

جمعرات 1 مئی 2025 19:45

Sلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2025ء) عالمی یومِ مزدور کے موقع پر الحمرا ہال لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت ملک فیصل ایوب کھوکھر، ایم این اے شمائلہ رانا، صدر لیبر ونگ مسلم لیگ (ن) سید محمد مشتاق حسین، سیکرٹری جنرل چوہدری سجاد احمد اور پنجاب بھر سے لیبر ونگ کے عہدیداران و مزدور رہنماؤں نے شرکت کی۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مزدور کی عظمت کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت، خاص طور پر محترمہ مریم نواز شریف، مزدوروں کی فلاح کے لیے حقیقی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے نہ صرف مزدور کے حالاتِ زندگی بہتر بنانے کا بیڑہ اٹھایا بلکہ عملی اقدامات سے یہ ثابت بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 12 لاکھ مزدوروں اور ان کے 84 لاکھ زیر کفالت افراد کے لیے مریم نواز راشن کارڈ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے،جس میں ماہانہ 3,000 روپے سبسڈی دی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ رحیم یار خان، سرگودھا، اور قصور میں نئے سوشل سکیورٹی ہسپتال قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد میں مریم نواز ویلنس سینٹرز کا قیام یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اسکے علاوہ مزدور طبقے کی سہولت کے لیے ٹیلی کلینکس، کارڈیک سٹی (200 بیڈز)، اور 27 ہسپتالوں میں جدید ایمبولینسز کی فراہمی جبکہ 37000 روپے کم از کم ماہانہ اجرت کا تاریخی اعلان کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں کے لیے 720 فلیٹس سندر (فیز I) اور 504 فلیٹس ٹیکسلا میں مکمل ہو چکے ہیں جبکہ مزید منصوبوں کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ اسکے ساتھ آن لائن شکایت سیل، 1314 ہیلپ لائن، آن لائن کچہری، اور ایز آف ڈوئنگ بزنس پورٹل کا اجراء کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال سے التوا کا شکار 57,112 ویلفیئر گرانٹ کیسز کی منظوری دیجا چکی ہے،جس میں 12.5 ارب روپے سے زائد کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) مزدور دوست جماعت ہے، ہماری اولین ترجیح محنت کش طبقے کو خوشحال دیکھنا ہے۔ انہوں نے صوبہ پنجاب میں مزدوروں کی فلاح وبہبود کے شاندار منصوبوں پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آ بادی کے لحاظ سے پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے اور اسکی لیبر بھی بہت زیادہ ہے تاہم پنجاب حکومت کے اقدامات کو دیکھ کر امید قائم کی جاسکتی ہے کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ صحیح معنوں میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے غزہ، فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم کے خاتمہ کے لیے خصوصی دعاء کرتے ہوئے کہا کہ بھارت یہ جان لے کہ اگر پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو تمہاری آنکھیں نکال لیں گے۔ ہر پاکستانی اپنی افواج کے ساتھ ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔ سید محمد مشتاق حسین، صدر لیبر ونگ، نے کہا کہ مزدور طبقے کی آواز بلند کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہم متحد ہیں جبکہ آج کا کنونشن مزدوروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

ہم ہر فورم پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایم این اے شمائلہ رانا اور دیگر نے اپنے خطاب میں حکومت پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو انقلابی اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ پنجاب میں مزدوروں کی فلاح وبہبود کی پالیسیوں کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔