پاکستان ریلویز میں دیانت، محنت اور قومی جذبے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی وقت کی اہم ضرورت ہے، محمد حنیف عباسی

بدھ 23 جولائی 2025 17:07

پاکستان ریلویز میں دیانت، محنت اور قومی جذبے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز میں دیانت، محنت اور قومی جذبے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان ریلوے کو جدید، فعال اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لئے مربوط اور نتیجہ خیز کوششیں ضروری ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں نئے اہداف، مون سون حکمت عملی اور قومی جذبے سے سرشار اقدامات پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مون سون کے خطرات سے بچاؤ کے لئے تمام ریلوے پلوں، پٹڑیوں اور انفراسٹرکچر کا فوری معائنہ کیا جائے اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ کے لئے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مسافروں اور عملے کی جان و مال کا تحفظ ہمارا اولین قومی فریضہ ہے، پاکستان ریلوے کی ترقی اور عوامی خدمت ہمارا مشن ہے، ’’صاف سُتھرا پنجاب‘‘ مہم کے تحت ریلوے سٹیشنز کی تزئین و آرائش جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشنز پر جدید صفائی نظام، ویسٹ مینجمنٹ اور صفائی کا تسلسل یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ٹکٹ کے بغیر سفر کرنے والوں کے خلاف پر زور مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے اور کرانے والا دونوں جیل جائیں گے۔ اس ضمن میں انہوں نے مسافروں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے ہمارا قومی اثاثہ ہے ،ا س کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔اجلاس میں تمام ڈی ایس صاحبان نے آن لائن شرکت کی اور ریلوے نظام کی بہتری کے لئے مربوط اقدامات کے عزم کا اظہار کیا۔