اسلام نے محنت کو عبادت اور مزدور کو عزت عطاء کی ہے،علامہ عبدالرسول اشرفی

جمعرات 1 مئی 2025 20:20

بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)علامہ عبدالرسول اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام نے محنت کو عبادت اور مزدور کو عزت عطا کی ہے نیز عالمی سطح پر مزدوروں کے بارے میں قوانین میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنت پاکستان ڈویزن بھاولپور کے ناظم اعلی حضرت علامہ مولانا صاحبزادہ عبدالرسول اشرفی نے یومِ مزدور (یکم مئی)کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا ہے۔

صاحبزادہ عبدالرسول اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو انسانی فلاح، عدل، مساوات اور محنت کے اصولوں پر قائم ہے۔ دینِ اسلام نے محنت کو محض روزی کا ذریعہ نہیں بلکہ عبادت کا درجہ دیا ہے، اور محنت کشوں کو عزت و وقار کا مقام عطا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں ارشادِ ربانی ہے ’اور یہ کہ انسان کے لیے وہی کچھ ہے جس کی اس نے کوشش کی‘ جبکہ رسول اکرمؐ نے فرمایاکسی شخص کا اپنی محنت سے کمایا ہوا کھانا سب سے بہتر کھانا ہے۔

(جاری ہے)

یہ تعلیمات ہمیں باور کراتی ہیں کہ اسلامی معاشرہ صرف جاگیرداروں اور سرمایاداروں کے بل پر نہیں، بلکہ ان گمنام محنت کشوں کی ریڑھ کی ہڈی پر کھڑا ہوتا ہے جو دن رات رزقِ حلال کی تلاش میں جتے رہتے ہیں۔ صاحبزادہ عبدالرسول اشرفی نے مزید کہا کہ نبی کریم ؐ نے فرمایا کہ مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری ادا کردو۔یہ فرمانِ نبویؐ آج کے سرمایہ دارانہ استحصالی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے، جہاں محنت کشوں کا استحصال ایک معمول بن چکا ہے۔

پوری دنیا خصوصا مشرق وسطی کے اسلامی ممالک میں اس اصول کو اس کی روح کے مطابق بالفعل نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عالمی اداروں اور دنیا بھر کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کو فوری اور منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ، علاج، تعلیم اور محفوظ کام کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ آج کے دور میں ترقی کی کنجی تعلیم یافتہ اور باعزت محنت کش طبقے کی پرورش میں ہے۔