ضلع بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے ، ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد

جمعرات 1 مئی 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد ارشد حسین جمالی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کڑی نگرانی کی جارہی ہے، کیرتھر کینال کی بھل صفائی و ان کی تعمیراتی امور میں عوام کی مشاورت کو ترجیح دی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نصیرآباد ڈویژن نیک محمد سے گفتگو کے دوران کیا ۔

اس موقع پر سپر نٹنڈنٹ عبدالرحمن بلوچ و سپرنٹنڈنٹ غلام سرور بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار زادہ فیصل خان جمالی کے ویژن کے مطابق علاقے کی مجموعی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ مقامی سطح پر مسائل کا مستقل حل فراہم کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد ارشد حسین جمالی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر اور دیرپا بنانے کے لیے سخت نگرانی کا عمل بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سرکاری سکولوں، صحت مراکز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، آبپاشی اور تعمیرات سمیت تمام متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد ان اداروں میں کام کرنے والے افسران و دیگر عملے کی جائے تعیناتی پر موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رواں ماہ کیرتھر کینال کی بھل صفائی اور اس سے متعلق تعمیراتی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ آبپاشی کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جا سکے۔

ان کے مطابق زمینداروں کے ساتھ قریبی روابط استوار کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کی مشاورت سے ترقیاتی عمل کو بہتر بنایا جا سکے اور ان کے تحفظات کو دور کیا جا سکے۔ارشد حسین جمالی نے مزید کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے جبکہ علاقائی مسائل کے فوری حل کے لیے بھی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :