آئی پی ایل میں سنچری بنانیوالے 14 سالہ بھارتی کرکٹر کی اصل عمر بارے سوال اٹھ گئے ، پرانا انٹرویو وائرل

نوجوان بیٹر نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف 35 گیندوں پر سنچری بنا کر نئی تاریخ رقم کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 2 مئی 2025 11:48

آئی پی ایل میں سنچری بنانیوالے 14 سالہ بھارتی کرکٹر کی اصل عمر بارے ..
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مئی 2025ء ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سنچری بنانے والے 14 سالہ بھارتی کرکٹر ویبھو سوریاونشی کی عمر پر سوال اٹھ گئے۔ 
گزشتہ دنوں آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کے کم عمر ترین کھلاڑی ویبھو سوریاونشی نے کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ مچایا اور 14 سال کی عمر میں سنچری اسکور کرکے نئی تاریخ رقم کی۔

 
نوجوان کھلاڑی نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف 35 گیندوں پر سنچری بنا کر ناصرف آئی پی ایل بلکہ کسی بھی بھارتی کی جانب سے تیز ترین ٹی ٹونٹی سنچری کا ریکارڈ قائم کردیا۔ 
ویبھو سوریاونشی آئی پی ایل میں سنچری سکور کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بھی بنے۔ 
جہاں 14 سالہ سوریاونشی کی بیٹنگ کی تعریف کی جارہی ہے وہیں ان کی عمر کے حوالے سے بھی سوالات اٹھ رہے ہیں کہ ان کی عمر 14 سال نہیں بلکہ تقریباً 16 سال ہے۔

(جاری ہے)

 
سابق بھارتی باکسر وجیندر سنگھ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بظاہر سوریاونشی کی عمر پر سوال اٹھایا کہ کیا اب کرکٹ میں بھی عمر کی جعلسازی عام ہو چکی ہے؟، انہوں نے کہا کہ 'بھائی آج کل عمر چھوٹی کر کے کرکٹ میں بھی کھیلنے لگے ہیں'۔ 
اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر صارفین بھی سوریا ونشی کی عمر کے حوالے سے سوال اٹھا رہے ہیں۔ 
ان سوالات کے اٹھنے کی اصل وجہ سوریاونشی کا وائرل ہونے والا 2023ء کا ایک پرانا انٹرویو ہے جس میں سوریا ونشی نے بتایا تھا کہ ان کی عمر 14 سال ہے۔

  
اگر 2023ء میں سوریا ونشی 14 سال کے تھے تو اس حساب سے 2025ء میں ان کی عمر 16 سال بنتی ہے۔ مشہور کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو، سوریا ونشی کی عمر ابھی 14 سال ہی بتا رہی ہے۔ 
کرک انفو کی ویب سائٹ پر سوریا ونشی کی تاریخ پیدائش 27 مارچ سن 2011 درج ہے۔ اس حساب سے ان کی عمر 14 سال اور 36 دن بنتی ہے لیکن اگر دوسری جانب سوریا کے 2023ء کے انٹرویو کو دیکھیں تو اس حساب سے وہ 16 سال کے ہیں۔

 
 
کیا سوریا ونشی نے آئی پی ایل میں جان بوجھ کر اپنی اصل عمر چھپائی؟، اپنی عمر کے حوالے سے جھوٹ بولا، یہ وہ سوالات ہیں جو اس وقت سوشل میڈیا پر اٹھائے جارہے ہیں۔ 
اس حوالے سے سوریا ونشی یا آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ 
واضح رہے کہ آئی پی ایل کی میگا نیلامی میں راجستھان رائلز نے سوریاونشی کو ایک کروڑ 10 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔