Live Updates

چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل وسیم نذیر کا تعلیمی و صنعتی شراکت داری کو فروغ دینے پر زور

جمعہ 2 مئی 2025 17:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) انجینئر وسیم نذیر نے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (جی آئی کے آئی) کے سالانہ انڈسٹریل اوپن ہاؤس اور کیریئر فیئر 2025 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے جی آئی کے آئی مصنوعی ذہانت، صاف توانائی اور کوانٹم کمپیوٹنگ کے شعبوں میں قیادت کو سراہا اور کہا کہ یہ شعبے پاکستان کے انجینئرنگ کے مستقبل کی سمت کا تعین کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ طلبہ کے منصوبے اس عملی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں جس کی ہماری صنعتوں کو ضرورت ہے۔ پی ای سی تعلیمی و صنعتی تعاون کو مکمل حمایت فراہم کرتا ہے تاکہ بین الاقوامی معیار کے انجینئرز تیار کئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

اس تقریب میں 471 طلبہ کے تیار کردہ 155 فائنل ایئر ڈیزائن پروجیکٹس کی نمائش کی گئی جو حقیقی مسائل کے تخلیقی اور سائنسی حل پیش کرتے ہیں۔

صدر بورڈ آف گورنرز جی آئی کے آئی انجینئر سلیم سیف اللہ خان نے طلبہ کے منصوبوں کے معیار کو سراہا۔ قائم مقام ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم حسن زیدی نے مسئلہ حل کرنے پر مبنی تعلیم کے عزم کو دہرایا اور صنعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ حقیقی مسائل، کیس سٹڈیز اور عملی تجربات طلبہ کے ساتھ شیئر کریں تاکہ انہیں فائنل ایئر پروجیکٹس میں شامل کیا جا سکے۔

چیئرمین پی ای سی نے انجینئرنگ تعلیم میں جاری اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک قومی مشاورتی عمل جاری ہے جس میں یونیورسٹیاں، اساتذہ، طلبہ، سابق طلبہ اور صنعتی ادارے شامل ہیں۔ پشاور، لاہور، ملتان اور کوئٹہ میں سیشنز مکمل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر شہروں میں مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کا مقصد انجینئرنگ تعلیم کو عالمی معیار اور موجودہ صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

انہوں نے پی ای سی کے حالیہ اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جن میں "پاتھ وے ٹو پریکٹس" پروگرام کے تحت پی ای سی ڈیسک کا قیام، انجینئرز کے لئے مصنوعی ذہانت کی تربیت اور ینگ انجینئرز نیشنل فورم کے قیام کی منظوری شامل ہے۔ انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد ملک بھر کے انجینئرنگ گریجویٹس کی فنی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بڑھانا ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات